عیدا لضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے سات سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے

عیدا لضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے سات سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے

جہلم: عیدا لضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے سات سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے ، مقررہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی دوسرے مقام پر جانور فروخت کرنے کی ممانعت ہوگی، تمام سیل پوائنٹس پر لائیو سٹاک کا عملہ تعینات ہوگا جبکہ سکیورٹی کیلئے پولیس اور سول ڈیفنس کے رضا کار فرائض سرانجام دینگے ، یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر اقبال حسین خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں لائیو سٹاک کے افسران کے علاوہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ایم ایس خالد محمود، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر اسد محمود، سی او ایم سی جہلم احسن اللہ ورچ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل جہلم میں جادہ سٹاپ، بلال ٹاؤن اور باغ محلہ، تحصیل دینہ میں مویشی منڈی دینہ اور پنڈوری منگلا روڈ، تحصیل سوہاوہ میں ٹی ایم اے آفس کے ساتھ اور تحصیل پنڈداتنخان میں کھیوڑا کے مقام پرمویشی منڈی قائم کی جائے گی جہاں جانوروں کو لانے والے بیوپاریوں سے کسی قسم کی پرچی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام سیل پوائنٹس کیلئے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں مقرر کر دی گئی ہیں جو فروخت کیلئے لائے جانیوالے جانوروں کو ضروری علاج معالجہ کی فراہمی کے ساتھ کانگو اور کسی بھی دوسری بیماری سے بچاؤ کیلئے ضروری اقدامات کی ذمہ دار ہوگی، جبکہ میونسپل کمیٹیاں تمام سیل پوائنٹس پر روشنی، ٹینٹ لگانے ، بیوپاریوں، خریداروں او ر جانوروں کیلئے پانی کی فراہمی کے ذمہ دار ہوں گے۔