سرچشمہ محبت رحمتہ للعالمینﷺ   -   افظ محمد ادریس

رسولِ رحمتﷺکی زندگی میں بڑے مشکل مرحلے آئے۔ ان میں سے جنگ موتہ بہت اہم واقعہ ہے۔ اس جنگ میں صحابہ کرامؓ تین ہزار کی تعداد میں تھے جبکہ دشمن ایک لاکھ سے زائد تھے۔ یہ جنگ شام میں موتہ کے مقام پر ہوئی۔ اس میں تینوں کمانڈر حضرت زید بن حارثہ?، حضرت جعفر بن ابی طالب اور حضرت عبداللہ بن رواحہؓ یکے بعد دیگرے شہید ہوگئے۔ پھر کمان حضرت خالد بن ولیدؓ نے سنبھالی اور دشمن کو پسپا کردیا۔ نبی پاکﷺ کو جنگ کے حالات جبریل نے بتائے جنھیں آپ نے صحابہؓ کے سامنے بیان فرمایا آپﷺکافی غم زدہ تھے، منبر پر کھڑے آپﷺ نے لوگوں کو یہ اندوہ ناک خبر سنائی،مگر انھیں حوصلہ بھی دیا۔ آپﷺ کے چہرے سے صحابہ کرامؓ محسوس کر رہے تھے کہ آپﷺ کے دل پر کیا گزر رہی ہے۔ تینوں سپہ سالار، جماعتِ صحابہ میں بہت ممتاز اور نمایاں تھے۔ تینوں کی بڑی خدمات ہیں اور تینوں سے آنحضورﷺ کی محبت اور تعلق بہت گہرا تھا۔ مختلف مواقع پر آنحضورﷺ نے تینوں صحابہ کے مناقب و فضائل بھی بیان کیے ہیں۔

حضرت جعفرؓ کی شہادت کے وقت ان کے بچے بالکل چھوٹے چھوٹے تھے۔ آنحضورﷺ مسجد میں خطاب کے بعد تیزی سے حضرت جعفرؓ کے گھر کی طرف چل دیے۔ حضرت جعفرؓ کی اہلیہ حضرت اسمائؓ بنت عمیسؓ بھی بڑی بلندپایہ صحابیہ تھیں۔ وہ بیان فرماتی ہیں کہ میں اپنے گھر میں کام کاج میں مصروف تھی۔ میں نے بچوں کو نہلا دھلا کر ان کے سروں میں تیل لگایا اور انھیں کپڑے پہنائے۔ میں سالن تیار کر چکی تھی اور اب آٹا گوندھنے لگی تھی۔ اس اثنا میں نبی اکرمﷺ ہمارے گھر تشریف لائے۔ میرے پاس آکر مجھ سے پوچھا: ”اے اسماءجعفر کے بیٹے کہاں ہیں؟“ میں انھیں آپﷺ کے پاس لائی تو آپﷺ نے ان کو اپنے ساتھ چمٹا لیا اور پیار کیا۔ اس دوران میں نے دیکھا کہ آنحضورﷺ رو رہے ہیں اور آپﷺ کی آنکھوں سے آنسو رواں ہیں۔ مجھے بہت فکر مندی ہوئی اور میں نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول! کیا اہلِ موتہ کی طرف سے کوئی تکلیف دہ خبر پہنچی ہے؟“
آپﷺ نے فرمایا : ”ہاں“۔ پھر آپﷺ نے شہدا کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ جعفر شہید ہو گیا ہے۔ یہ خبر سنتے ہی حضرت اسمائؓ کے اپنے قول کے مطابق ان کی چیخ نکل گئی۔ حضرت اسمائؓ کے چیخنے چلانے سے صحابیات ان کے گھر جمع ہو گئیں۔ اس وقت آپﷺ نے فرمایا: ”اے اسمائ! صبر سے کام لینا ، اپنی زبان سے کوئی ایسی بات نہ کہنا جو اللہ کو ناپسند ہو اور سینہ کوبی اور گریبان پھاڑنے سے اجتناب کرنا۔“ اس دوران چونکہ پورے مدینے میں شہدا کی خبر پہنچ چکی تھی، اس لئے ہر گھر اور مجلس میں غم کی چادر تن گئی تھی۔ ہر زبان سے شہدا کا تذکرہ اور ان کی خوبیاں بیان کی جا رہی تھیں۔ حضرت اسمائؓکو نصیحت کرنے کے بعد آپﷺگھر سے باہر نکل آئے۔ وہاں سے آپﷺ تیز قدموں کے ساتھ اپنی صاحبزادی سیدہ فاطمتہ الزہراؓکے گھر تشریف لے گئے۔ حضرت فاطمہؓ حضرت جعفرؓ کی شہادت پر غمزدہ تھیں۔ آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے اور زبان سے مسلسل یہی کہے جا رہی تھیں ہائے میرے محبوب چچا۔ آپﷺ نے فرمایا کہ جعفر جیسے بلند پایہ آدمی پر رونے والیوں کو رونا چاہیے مگر اے فاطمہ صبر افضل ہے۔ پھر آپﷺ نے اپنی بیٹی کو تلقین کی کہ آل جعفر پر آج بہت مشکل وقت ہے ، انھیں آج اپنے آپ کا بھی ہوش نہیں۔ ان کے لئے کھانا تیار کرو اور ہر طرح سے ان کی دلجوئی و خبر گیری کرو۔


نبی اکرمﷺ تمام شہدا کے گھروں میں تشریف لے گئے اور سب کو تسلی دی۔ تین دنوں کے بعد آنحضورﷺ نے تمام لوگوں کو تلقین فرمائی کہ شہدا پر کوئی مت روئے۔ آپﷺ نے حضرت اسماءبنت عمیسؓ کو بھی کہا کہ آج کے بعد میرے بھائی پر مت رونا۔ آپﷺ نے فرمایا کہ جعفرؓکے کٹے ہوئے بازوں کے بدلے میں اللہ نے انھیں پَر عطا فرمائے ہیں جن سے وہ جنت میں جہاں چاہیں پرواز کر کے چلے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے حضرت جعفرؓ تاریخ میں طیّار کہلائے۔ آپﷺ نے تین دنوں تک حضرت جعفرؓ کے بچوں کو اپنے گھر میں رکھا۔ آپﷺ ان سے ان تین دنوں میں بہت قریب رہے۔ انھیں خود کھانا کھلاتے ، ان کی دلجوئی کرتے اور پیار و محبت سے ان کے زخمی دلوں پر مرہم رکھتے۔ حضرت جعفر? کے ساتھ بھی آپﷺ کو بڑی محبت تھی اور ان کے بچوں سے بھی آپﷺ نے ہمیشہ گہری محبت کا اظہار کیا۔

حضرت جعفرؓکی شہادت کا واقعہ ان کے بیٹے حضرت عبد اللہ بن جعفرؓ کی زبانی تاریخ میں بیان ہوا ہے۔ وہ اس وقت بالکل نوعمر تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ جب آنحضورﷺ ہمارے والد کی شہادت کی خبر دینے ہمارے گھر تشریف لائے اور میری والدہ کو واقعہ بتایا تو وہ رونے لگیں۔ میں بھی آپﷺکے چہرے کی طرف دیکھ رہا تھا۔ میں نے دیکھا کہ آپﷺ کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے اور آپﷺ کی ڈاڑھی مبارک تر ہو رہی تھی۔ اس موقع پر آپﷺ نے ہمارے لئے دعا کی اور فرمایا کہ اے اللہ تو جعفرؓ کے درجات بلند فرما اور اس کے پسماندگان کا اس سے بہتر قائم مقام بن جا۔ نبی اکرمﷺنے میرے والد کی شہادت کے بعد انھیں جنت میں پر عطا کیے جانے کی خبر دی تو والدہ نے عرض کیا: ”اے اللہ کے رسول میرے ماں باپ آپﷺپر فدا ہوں، آپﷺ لوگوں کو بھی یہ خوش خبری سنا دیجیے۔“ اس موقع پر آنحضورﷺ اٹھے، میرا ہاتھ پکڑا ، میری پیشانی چومی اور میرے سر پر دستِ شفقت پھیرنے لگے۔ یوں میری انگلی پکڑے ہوئے مسجد تشریف لائے اور آپﷺمنبر پر چڑھے۔ لوگ مسجد میں جمع ہو گئے۔ آپﷺ نے مجھے منبر پر اپنے آگے نچلی سیڑھی پر بٹھایا۔ آپﷺکی آواز میں نقاہت اور چہرے پر غم نمایاں تھا۔ فرمایا: ”اے لوگو جعفر شہید ہو چکا ہے۔ میدانِ کا رزار میں اس کے بازو کٹ گئے تھے، ان کے بدلے میں اللہ نے اسے دو ایسے بازو عطا فرمائے ہیں جن سے وہ پرندوں کی مانند پرواز کرتا ہے۔“

جب آپﷺ منبر سے اترے تو آپﷺمجھے اور میرے بھائی کو اپنے ساتھ اپنے گھر لے گئے۔ آپﷺنے اپنے گھر والوں سے کہا کہ بچوں کے لئے کھانا لاو۔ پھر آپﷺ نے ہمیں اپنے ساتھ کھانا کھلایا۔ وہ کھانا جو کے آٹے سے تیار کیا گیا تھا، اسے تیل میں بھون کر سیاہ مرچ اور نمک ڈالا گیا تھا۔ ہم تین دن تک آپﷺ کے گھر میں رہے۔ ہر کھانے کے وقت آپﷺ ہمیں اپنے ساتھ بٹھاتے اور بڑے پیار سے کھانا کھلاتے۔ خدا کی قسم آپﷺکے گھر کا کھانا بہت پاکیزہ، بابرکت اور انتہائی لذیذ تھا۔ ان تین دنوں میں آپﷺجب بھی کسی زوجہ مطہرہ کے ہاں تشریف لے جاتے تو ہمیں بھی ساتھ لے جاتے۔ تین دنوں کے بعد آپﷺ ہمیں لے کر ہمارے گھر آئے اور ہماری والدہ کو نصیحت فرمائی اور ہمیں دعائیں دیں۔
اس عرصے میں آنحضورﷺ نے حضرت جعفرؓ کے بیٹوں کی دلجوئی کے لئے کئی بار مختلف انداز میں حضرت جعفرؓ کی فضیلت بیان فرمائی۔ ایک دن آپﷺ نے حضرت عبداللہ بن جعفرؓ کو اپنے ساتھ چمٹاتے ہوئے فرمایا کہ جعفرؓ شکل و صورت اور طبیعت و اخلاق کے لحاظ سے مجھ سے مشابہ تھا اور عبداللہ بھی مجھ سے مشابہ ہے۔ چھوٹے بیٹے محمد بن جعفرؓ کو اپنے سینے سے لگاتے ہوئے فرمایا کہ محمد بہت پیارا بچہ ہے، اس کی شکل میرے چچا ابو طالب سے ملتی ہے۔ آپﷺنے حضرت جعفرؓ کے بیٹوں کو یوں دعا دی ”اے اللہ آل جعفر کی سرپرستی فرما ، ان کو برکت دے اور ان کے بیع و شرا کو نفع بخش بنا۔ آپﷺنے فرمایا میں دنیا و آخرت میں آلِ جعفر کا ولی ہوں۔ آنحضورﷺ کی اس دعا کا اثر لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ حضرت عبد اللہ بن جعفرؓ اپنے وقت کے مالدار ترین تجار میں شامل تھے جو اپنا مال اللہ کی راہ میں بے دریغ خرچ کیا کرتے تھے۔ (بخاری کتاب المغازی۔ مسند احمد، حدیث 75)