عشقِ رسولِ مصطفیﷺ توحید کا اعلاں لئے   -   سیّد صداقت علی

عشقِ رسولِ مصطفیﷺ توحید کا اعلاں لئے 
آلِ نبیﷺ سے عشق کا اشعار میں عنواں لئے 

عشق و سرور و قلب و جاں ایمان کا ساماں لئے 
میں آپ کے ہوں روبرو اقبالؒ کا فرماں لئے 

روکے گا کوئی مجھ کو کیا میں ہوں سپاہی عشق کا 
اک ولولہ ، تازہ جنوں ، آیا ہوں میں طوفاں لئے 

یہ مستیاں ، یہ شوخیاں ، یہ بجلیاں میرا سخن 
عقل و خرد کے ساتھ میں ہے گردشِ دوراں لئے 

بانگِ درا ، جاوید نامہ ، اور یہ اسرارِ خودی 
سب شاعری کی شکل ہیں تفسیر میں قرآں لئے 

میں ہوں مریدِ عشق اور اقبالؒ میرا پیر ہے 
خدمت گزارِ پیر میں حاضر رخِ خنداں لئے 

فہم و فِراست، عقل و دانش، مردِ مومن کی خودی 
صدق و صداقتؔ ہے سخن میں حکمت و عرفاں لئے