ورلڈکپ 2019: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو 306 رنز کا ہدف

ورلڈکپ 2019: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو 306 رنز کا ہدف

ڈرہم: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 41 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔

ڈرہم کے ریور سائیڈ گراؤنڈ میں آج کھیلے جا رہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور 15 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے، جیسن روئے نے 6 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور وہ 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جونی بیئراسٹو نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلش کپتان اوئن مورگن نے بھی 42 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جب کہ جو روٹ نے 24 اور عادل رشید نے 16 رنز بنائے۔